انتخابات نگران حکومت نہیں، خلائی مخلوق کرائے گی: وزیرِاعظم عباسی

انتخابات نگران حکومت نہیں، خلائی مخلوق کرائے گی: وزیرِاعظم عباسی
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد:  وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کے ہم آواز ہوتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات نگران حکومت نہیں خلائی مخلوق کرائے گی، پھر بھی انتخابات میں حصہ لیں گے۔

سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی جانب سے ارکان کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ کے موقع پر خطاب میں وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نگران وزیرِاعظم اتنا اہم عہدہ نہیں، جتنا ہم نے بنا دیا ہے۔ نگران وزیرِاعظم کے نام پر اپوزیشن سے اتفاق کر لیں گے۔ قائد حزبِ اختلاف خورشید شاہ جو بھی نام دیں گے ہمیں قبول ہو گا۔

وزیرِاعظم نے بعد ازاں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ نگران وزیرِاعظم کے لیے ریٹائرڈ شخصیت کے نام پر بھی غور ہو سکتا ہے تاہم ابھی تک کسی ریٹائرڈ جنرل کے نام پر غور نہیں کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک کسی جماعت کی جانب سے کوئی نام نہیں ملا، صحافی بھی تین نام دے دیں، اس پر غور کریں گے۔

شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کا ہم آواز ہوتے ہوئے کہا کہ انتخابات نگران حکومت نہیں خلائی مخلوق کرائے گی لیکن ہم پھر بھی حصہ لیں گے، امید ہے انتخابات شفاف ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کل بھی تھے، آج بھی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔ وزیرِاعظم نے اس موقع پر صحافیوں پر اسلام آباد پولیس کے تشدد پر معذرت بھی کی۔