صحافیوں پر پولیس کا تشدد: سپریم کورٹ کا جوڈیشل انکوائری کا حکم

صحافیوں پر پولیس کا تشدد: سپریم کورٹ کا جوڈیشل انکوائری کا حکم
کیپشن: عدالت نے ڈپٹی کمشنراسلام آباد سے دفعہ 144 کے تسلسل کے ساتھ نفاذ پر وضاحت طلب کر لی ہے۔۔۔۔فوٹو/ اے پی پی

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے صحافیوں کی ریلی پر پولیس تشدد کی جوڈیشل انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ سیشن جج سہیل ناصر کو معاملے کی انکوائری کر کے 10 روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنراسلام آباد سے دفعہ 144 کے تسلسل کے ساتھ نفاذ پر وضاحت طلب کر لی ہے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے 3 مئی کو صحافیوں کی پرامن ریلی پر پولیس کے تشدد کیخلاف ازخود نوٹس کی سماعت کی۔

مزید پڑھیں: ایس ایس پی تشدد کیس، عمران خان کو بری کر دیا گیا

سینئر صحافی پرویز شوکت نے بتایا کہ عالمی یوم صحافت کے موقع پر ریلی نکالی تو پولیس نے راستہ میں رکاوٹ ڈالی اور صحافیوں پرتشدد کیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے اور پولیس کا موقف یہ ہو گا کہ ریڈ زون میں جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

آئی جی اسلام آباد پولیس سلطان اعظم تیموری نے کہا کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 کا نفاذ ہے، ریلی کیلیے این او سی لینا قانونی تقاضا ہے، ریڈ زون میں جانے سے منع کرنے پر ڈی چوک پرصحافیوں نے پولیس حصار توڑنے کی کوشش کی.

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ صحافیوں کا احتجاج پرامن تھا اور ریلی کے شرکاء نے غلیل یا لاٹھیاں اٹھا رکھی تھیں؟ صحافیوں نے پتھر پھینکے کوئی گملا توڑا؟ پرامن احتجاج کرنے والوں یا خواتین پر ہاتھ اٹھانا مناسب نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خواتین سے متعلق بیان پر رانا ثناءاللہ نے اسمبلی میں معذرت کر لی

انہوں نے کہا کہ دنیا میں لوگ اپنے حقوق کے لیے احتجاج کرتے ہیں ریڈ زون میں کس قانون کے تحت احتجاج کی اجازت نہیں اور کس کو احتجاج کی اجازت ہے؟ ۔ حکام کو اپنے اختیارات کے غلط استعمال کا حق نہیں اور دفعہ 144 کا نفاذ کر کے لوکل انتظامیہ بھول گئی۔ ریڈ زون میں کیا صبح 5 لوگ ایک ساتھ واک کر رہے ہوں تو انہیں بھی پکڑ لیا جائے گا۔

عدالت نے سیشن جج سہیل ناصر کی سربراہی میں انکوائری کمیشن قائم کرتے ہوئے فریقین کو کمیشن کے روبرو پیش ہونے کا حکم دیا۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد دفعہ 144 کے تسلسل کے ساتھ نفاذ پر وضاحت بھی طلب کر لی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں