خواجہ آصف کی نااہلی، اپیل پر سماعت کیلئے خصوصی بینچ تشکیل

خواجہ آصف کی نااہلی، اپیل پر سماعت کیلئے خصوصی بینچ تشکیل
کیپشن: خواجہ آصف کی نااہلی کے خلاف اپیل پر سماعت کیلئے بینچ 7 مئی کو سماعت کرے گا۔۔۔۔فوٹو/ آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی کےخلاف اپیل پر سماعت کے لیے تین رکنی خصوصی بینچ تشکیل دے دیا جو 7 مئی کو سماعت کرے گا۔سپریم کورٹ نے خواجہ آصف کی نااہلی کے خلاف اپیل کی سماعت کےلیے جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل تین رکنی خصوصی بینچ تشکیل دے دیا ہے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق عدالت عظمیٰ کا خصوصی بینچ پیر 7 مئی کو دوپہر ڈیرھ بجے اپیل پر سماعت کرے گا۔

 مزید پڑھیں: خواتین سے متعلق بیان پر رانا ثناءاللہ نے اسمبلی میں معذرت کر لی

خواجہ آصف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا  تھا کہ کاغذات نامزدگی میں بیرون ملک کا بینک اکاؤنٹ غیر ارادی طور پر ظاہر نہ کر سکا۔ اکاؤنٹ میں کاغذات نامزدگی کے ڈیکلیئرڈ اثاثوں کی 0.5 فیصد رقم تھی۔

درخواست میں کہا گیا کہ موجودہ رٹ دائر ہونے سے قبل بینک اکاؤنٹ اور اقامہ ظاہر کر چکا تھا۔خواجہ آصف نے عدالت سے استدعا کی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ اور قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن ختم کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ایس ایس پی تشدد کیس، عمران خان کو بری کر دیا گیا

واضح رہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کےرہنما عثمان ڈار کی درخواست پر 26 اپریل کو فیصلہ سناتے ہوئے خواجہ آصف کو نااہل قرار دیا تھا اور آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت ان کی نااہلی بھی تاحیات قرار دی گئی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں