نواز شریف اور جمہوری لوگوں کی آواز بند کی جا رہی ہے: مریم اورنگزیب

نواز شریف اور جمہوری لوگوں کی آواز بند کی جا رہی ہے: مریم اورنگزیب
کیپشن: فوٹو بشکریہ یاہو

اسلام آباد :وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں خوف کی فضاءطاری ہے، تکلیف دہ اور شرمندگی کا سامنا ہے، بولنے کا حق سلب کیا جا رہا ہے، آواز کا گلہ گھونٹا جا رہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ جمعرات کو صحافیوں پر لاٹھی چارج نہیں ہوا، پولیس نے شیشے کی شیلڈ سے صحافیوں کو پارلیمنٹ جانے سے روکا، پارلیمنٹ کی حدود میں داخل ہونے سے وزارت داخلہ کے حکم پر روکا گیا، صحافیوں پر تشدد کا چیف جسٹس نے از خود نوٹس لیا ہے جبکہ وزارت اطلاعات نے پی آئی او کو انکوائری کا حکم دیا ہے، ہماری اطلاعات کے مطابق کل 35صحافی مظاہرہ کر رہے تھے۔ افسوسناک واقعہ ہے، ملک میں بدترین سنسرشپ ہو رہی ہے، بھٹو کی پھانسی کے موقع پر خبریں اتار دی جاتی تھیں اور اخبارات سفید چھاپے جاتے، چالیس سال گزرنے کے باوجود ٹی وی اور اخبارات گونگے اور بہرے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیمرا وزارت اطلاعات کا ذیلی ادارہ ہے جس نے چیئرمین پیمرا منتخب کرنا تھا لیکن عدالت کی جانب سے مجھے اس کمیٹی سے نکال دیا گیا، صحافی اور سول سوسائٹی کا نمائندہ بات نہ کر سکے، اداروں کے درمیان سانحہ ہوتا جا رہا ہے، ہم نے ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے لئے مباحثے شروع کر کے ایک دوسرے کو بے وقوف بنارہے ہیں اداروں کے درمیان ڈائیلاگ ہونا چاہیے۔

کب تک منے کے ابا کے ڈر سے استعفے دیتے رہیں گے، اس سلسلے کو اب رکنا چاہیے، آج پی ایف یو جے کے درجنوں گروپ بن چکے ہیں ، اداروں کو تقسیم کر کے انہیں مفلوج کرنے کی روایت جاری رہی تو سیاسی اداروں کو اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے، اس کے بغیر جمہوریت نہیں ہو گی، نواز شریف اور جمہوری لوگوں کی آواز بند کی جا رہی ہے، انہیں گونگا کیا جا رہا ہے، اسے بند ہونا چاہیے، اس کی مذمت ہونی چاہیے۔