الیکشن میں دھاندلی ملک اور اداروں کے لیے خطرناک ہو گی، خورشید شاہ

الیکشن میں دھاندلی ملک اور اداروں کے لیے خطرناک ہو گی، خورشید شاہ
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد :قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں دھاندلی ملک اور اداروں کے لیے نقصان دہ ہو گی۔


اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے ایک انٹرویو میں کہا کہ عمران خان نے انتخابات میں 100 سیٹیں مانگی ہیں، سیٹیں مانگنی ہیں تو عوام سے مانگو۔

خورشید شاہ نے کہا کہ اگر کوئی چاہتا ہے دھاندلی کر کے کسی کو جتوا دے تو یہ ملک اور اداروں کے لیے بہت خطرناک ہو گا ، انہوں نے کہا کہ عمران خود ہی عندیہ دے رہے ہیں کہ کوئی آزاد گروپ آئےگا، عمران خان اشارہ دے گئے کہ آزاد گروپ کی مدد سے حکومت بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان بادشاہ آدمی ہیں خود اپنا راز بتا گئے، لگتا ہے عمران نے آزاد گروپ کو وزارتیں دینے سے ملک کمزور ہونے کی بات بے دھیانی میں کی، اسی لیے کہتے ہیں نادان دوست سے دانا دشمن بہتر ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے مزید کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ 2018 کے الیکشن خلائی مخلوق کروا رہی ہے تو 2013 میں بھی خلائی مخلوق نے آر اوز کی شکل میں الیکشن کروائے تھے۔