عمران خان کے اقتدار میں‌ آنے کا مطلب ہوگا کہ خلائی مخلوق نے کام کر دکھایا: مولانا فضل الرحمان

عمران خان کے اقتدار میں‌ آنے کا مطلب ہوگا کہ خلائی مخلوق نے کام کر دکھایا: مولانا فضل الرحمان
کیپشن: image by facebook

ڈی جی خان: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کا لاہور کا جلسہ میری نظر میں پوری طرح فلاپ ہوا.

ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے 11 نکات فضولیات ہیں، ان میں‌ سی پیک شامل نہیں.

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فاٹا کے معاملے پر7 مئی کےاجلاس میں ہمیں مدعو نہیں کیا گیا، اعتماد میں لیے بغیر وزیراعظم نے فاٹا کے معاملے پر اجلاس کی تاریخ رکھی.

انھوں نے کہا کہ کچھ نشستیں محفوظ کرنے کے لئے دیگر جماعتوں سے اتحاد ہوسکتا ہے، البتہ الیکشن متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فورم ہی سے لڑیں گے.

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ایم ایم اے آئندہ الیکشن میں شان دار کامیابی حاصل کرے گی، ایم ایم اے کو نظرانداز کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، ہم جنوبی پنجاب صوبےکی مکمل حمایت کرتے ہیں.

جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ نے کہا کہ الیکشن شفاف ہونے چاہییں، انگلی نہ اٹھے، یہی ملک کے لئے بہتر ہے، عمران خان کے اقتدار میں‌ آنے کا مطلب یہی ہوگا کہ خلائی مخلوق نے کام کر دکھایا.

انھوں نے پی ٹی آئی چیئرمین پر کڑی تنقید کرے ہوئے کہا کہ وہ اپنے سیاسی کیریر کے دوراہے پر ہیں، لاہور جلسہ ناکام ہوا، نکات لاحاصل تھے.