یہ جان کر فخر محسوس کررہا ہوں کہ وسیم اکرم جیسے لیجنڈ نے مجھے اپنا باؤلنگ پارٹنر منتخب کیا، نسیم شاہ

یہ جان کر فخر محسوس کررہا ہوں کہ وسیم اکرم جیسے لیجنڈ نے مجھے اپنا باؤلنگ پارٹنر منتخب کیا، نسیم شاہ

لاہور:سوشل میڈیا پر جاری پی سی بی کی ڈریم پیئر مہم کو مداحوں، سابقہ اور موجودہ کھلاڑیوں سمیت صحافیوں اور کرکٹ پنڈتوں میں خوب پذیرائی مل رہی ہے۔ ڈیجیٹل مہم کا تیسرا مرحلہ 3 مئی بروز اتوار کو شروع ہوا جہاں مداحوں کو ٹیسٹ فاسٹ باؤلرز میں سے اپنی پسندیدہ جوڑی بنانے کا موقع دیا گیا۔

ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سےسب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے سابق فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے ماضی کے عظیم کھلاڑیوں میں سے 1954 اوول ٹیسٹ کے ہیرو فضل محمود کو اپنا باؤلنگ پارٹنر منتخب کیا۔

وسیم اکرم نے قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے موجودہ کھلاڑیوں میں سے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے ساتھ باؤلنگ کرنے کی خواہش کااظہار بھی کیا۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے ایک شاندار مہم کا آغاز کیا ہے جہاں خوابوں کی جوڑی کی صورت میں پاکستان کے سابق ٹیسٹ اسٹارز کو یاد کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وہ یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ بلاشبہ انہیں عمران خان ، وقار یونس، شعیب اختر اور عبدالرزاق کے ساتھ باؤلنگ کرنے کا اعزاز حاصل ہے مگر ماضی کی بات کی جائے تو ان کے ذہن میں 2 ہی نام آتے ہیں ایک سرفراز نواز، جنہوں نے ریورس سوئنگ ایجاد کی تھی اوردوسرے اوول کے ہیرو فضل محمود۔

وسیم اکرم نے کہا کہ وہ سوئنگ کرنے والے بائیں ہاتھ کے باؤلر کی حیثیت سے دائیں ہاتھ کے باؤلر فضل محمود کے ساتھ باؤلنگ کرنے کا انتخاب کریں گے کیونکہ ان کا مقبول لیگ کٹربیٹنگ وکٹ پر بہت مشہور تھا۔وسیم اکرم نے کہا کہ قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے موجودہ کھلاڑیوں میں وہ نسیم شاہ کے ساتھ باؤلنگ جوڑی بنانے کی خواہش رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ویسے تو میری جوڑی وقار یونس کے ساتھ تھی اور وہ دنیا کا ایک عظیم باؤلر تھا مگرموجودہ کھلاڑیوں میں نسیم شاہ کا انتخاب اس لیے کروں گا کہ وہ ابھی جوان ، تیز اور150 سےزائد رفتار سے گیند کرتے ہیں اور ابھی انہوں نے مزید تیز ہونا ہے۔ قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ وسیم اکرم کی خوابوں کی جوڑی میں شامل ہونے پر وہ انتہائی مسرور اور فخر محسوس کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ گذشتہ ہفتے وسیم اکرم نے فاسٹ باؤلرز کے آن لائن سیشن میں انہیں مفید ٹپس دیں جو کیرئیر کے سفر میں ان کی رفیق رہیں گی۔نسیم شاہ نے کہاکہ اب ان کی جانب سے اپنی پسندیدہ باؤلنگ جوڑی میں شامل کرنے سے میرے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ وہ وسیم اکرم کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے اور اپنی کارکردگی سے پاکستان میں موجود مداحوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کی کوشش کریں گے-