ڈریم پیئر مہم پی سی بی کا احسن اقدام ہے، شاہین شاہ آفریدی

ڈریم پیئر مہم پی سی بی کا احسن اقدام ہے، شاہین شاہ آفریدی

لاہور: نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے وسیم اکرم اور وقار یونس پر مشتمل ماضی کی ٹو ڈبلیوز جوڑی کو اپنی پسندیدہ قرار دیتے ہوئے موجودہ کھلاڑیوں میں سے نسیم شاہ کےساتھ باؤلنگ کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے ایک بہترین مہم کاآغاز کیا ہے اور اگر اس میں انہیں کسی ڈریم پیئر کا انتخاب کرنے کا کہا جاتا ہے تو وہ وسیم اکرم اور وقار یونس کی جوڑی کا انتخاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ موجودہ فاسٹ باؤلرز میں سے نسیم شاہ کے ساتھ باؤلنگ کرنا پسند کرتے ہیں اور مستقبل میں بھی انہی کے ساتھ باؤلنگ کرنے کا لطف اٹھاتے رہیں گے۔

پی سی بی نے ڈریم ٹیسٹ جوڑی کے انتخاب کے لیے فاسٹ باؤلرز کے انتخاب کا معیار 75 ٹیسٹ وکٹیں رکھا ہے،پی سی بی نے اس سرگرمی کے ذریعےمداحوں کو مختلف ادوار میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اپنے پسندیدہ بلے بازوں اور باؤلرز کو جوڑیوں کی شکل دینے کا موقع فراہم کیا ہے۔ جہاں فاسٹ باؤلرز، اوپنرز اور مڈل آرڈر بلے بازوں کی جوڑیوں پر مشتمل مہم کو زبردست پذیرائی ملی ہے۔

اس دوران اوپنرزکی مہم میں 1990 کی دہائی کے عظیم کرکٹرز سعید انور اور عامر سہیل پر مشتمل جوڑی مقبول ترین رہی۔ اس مہم میں سعید انور اور ماجد خان کو دوسری مقبول ترین جوڑی کا درجہ ملا۔

مڈل آرڈر بلے بازوں کے ڈریم پیئرز میں یونس خان اور محمد یوسف سب سے مقبول جوڑی رہی جبکہ سابق کپتان انضمام الحق اور محمد یوسف کی جوڑی اس فہرست میں دوسرے نمبر پر رہی۔

دو روز تک جاری رہنے والی فاسٹ باؤلرز کے ڈریم پیئرز پر مشتمل مہم کے بعد اسپنرز، آل راؤنڈرز، وکٹ کیپر اور مقبول ترین ٹیسٹ کپتان کی مہم کا آغاز کیا جائےگا۔