شاہ محمود قریشی کا بحرین کے ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، کورونا صورتحال پر تبادلہ خیال

 شاہ محمود قریشی کا بحرین کے ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، کورونا صورتحال پر تبادلہ خیال
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد:  وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بحرین کے ہم منصب شیخ ڈاکٹر عبداللطیف الزیانی سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے کورونا صورتحال اور اس وبا سے نبرد آزما ہونے کیلئے مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔


تفصیلات کے مطابق ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانیوں کی واپسی اور قیدیوں کی رہائی پر اپنے بحرینی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سلطنت بحرین کے بروقت اقدامات کو سراہا۔

شیخ ڈاکٹر عبداللطیف الزیانی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بحرین کی تعمیر وترقی میں پاکستانیوں کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ وزیر خارجہ نے ‘’گلوبل ڈیٹ ریلیف’’ سے متعلق وزیراعظم عمران خان کی تجویز سے آگاہ کیا، اس پر عبداللطیف الزیانی نے اس ضمن میں اپنے ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔

شاہ محمود قریشی نے دوران گفتگو مسئلہ کشمیر کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مسلسل بھارتی کرفیو سے 80 لاکھ کشمیریوں کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔

وزیر خارجہ نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے بھی اپنے ہم منصب کو آگاہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے کووڈ 19 سمیت اہم علاقائی امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق بھی کیا۔