پاکستان نے گلگت بلتستان سے متعلق بھارتی دعویٰ سختی سے مسترد کردیا

  پاکستان نے گلگت بلتستان سے متعلق بھارتی دعویٰ سختی سے مسترد کردیا
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد:  پاکستان نے گلگت بلتستان سے متعلق بھارتی دعویٰ سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈیا ایسا کرنے سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر پردہ نہیں ڈال سکتا۔

تفصیلات کے مطابق، سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے پاکستان کی جانب سے گلگت بلتستان سے متعلق بھارتی دعوے پر سخت احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کو آگاہ کر دیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی دعوے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔

عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی ریاست متنازع علاقہ ہے۔ گلگت بلتستان سے متعلق بھارتی دعویٰ کشمیر میں مظالم پر پردہ نہیں ڈال سکتا۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیرکی متنازع حیثیت تسلیم کرتی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی اقدامات واپس لے جبکہ پابندیاں اور مواصلاتی بلیک آؤٹ ختم کیا جائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں میڈیا پر لگائی گئی قدغن کی مذمت کرتے ہوئے صحافیوں کو ہراساں کرنے اور دھمکانے کی مہم کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔