گلگت بلتستان میں 15 سیاحوں میں کورونا وائرس کی تصدیق

گلگت بلتستان میں 15 سیاحوں میں کورونا وائرس کی تصدیق

گلگت: محکمہ صحت گلگت بلتستان کے مطابق پاکستان کے مختلف علاقوں سے آنے والے 15 سیاحوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جن کو اس وقت تلاش کرکے ہوٹلوں میں قرنطینہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

محکمہ صحت گلگت بلتستان کے کورونا کے لیے فوکل پرسن ڈاکٹر شاہ زمان کا برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جہاں پر سیاحوں پر یہ پابندی ہے کہ وہ اپنا کورونا منفی ٹیسٹ ساتھ لے کر گلگت بلتستان میں داخل ہوں وہاں پر محکمہ صحت سیاحوں کی متفرق ٹیسٹنگ بھی کرتا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ’جس کے نتیجے میں اب تک 15 سیاحوں میں کورونا پازیٹو آیا ہے۔ ڈاکٹر شاہ زمان کے مطابق ان سیاحوں کو ڈیٹا کی مدد سے تلاش کرکے ان کو ہوٹلوں میں قرنیطیہ کیا جا رہا ہے۔ جس میں رابطے کی سہولتوں کی وجہ سے کچھ مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے زمینی حقائق باقی پاکستان سے کچھ ہٹ کر ہیں۔ یہاں پر وہ سہولتیں موجود نہیں ہیں جو باقی پاکستان میں ہیں۔

اس وقت ہنزہ اور گلگت میں آکسیچن پلانٹ نصب کیے گے ہیں۔ مگر مریضوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے تو شاید وہ ضرورت پوری نہ کر پائیں۔ ڈاکٹر شاہ زمان کے مطابق اس طرح باقی سہولتوں کی بھی صورتحال خراب ہے۔

’پاکستان کے باقی علاقوں میں تو ہنگامی بنیادوں پر بھی انتطامات ممکن ہیں مگر گلگت بلتستان کے محل وقوع کی وجہ سے شاید ایسا ممکن نہیں ہو سکتا ہے۔ اس لیے گلگت بلتستان میں کچھ سخت ایس او پیز متعارف کروائے گئے ہیں۔ جس میں سب سے زیادہ سیاحوں سے گزارش ہے کہ وہ گلگت بلتستان آنے سے پہلے ہر صورت میں اپنا ٹیسٹ کروائیں تاکہ وہ خود بھی پریشانی سے بچ سکیں اور کورونا پھیلاؤ کا بھی سبب نہ بنیں۔

اب تک گلگلت بلتستان میں مجموعی ہلاکتیں ایک سو سات ہیں، اموات کی شرح دو فیصد ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر مثبت کیسز کی شرح 0.77 فیصد ہے۔