ہندوستان میں ایک ہی روز میں کورونا سے 3400 سے زائد ہلاکتیں

ہندوستان میں ایک ہی روز میں 3400 سے زائد ہلاکتیں، نئی دہلی میں فوج طلب

نئی دہلی: ہندوستان میں کورونا کے قہر جاری ہیں۔ ایک ہی روز میں مزید 3400 شہریوں کی ہلاکت نے خوف میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر حکومت نے نئی دہلی سمیت دیگر علاقوں میں فوج کو طلب کر لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی کی حالات ملک کے باقی حصوں سے زیادہ خراب ہے۔ یہاں ہسپتالوں میں مریض بیڈز اور آکسیجن کی کمی کی وجہ سے رل رہے ہیں لیکن حکومت ان کی مدد کو آگے نہیں بڑھ رہی ہے۔ 

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں آنے والے کورونا کے اس طوفان کے ختم ہونے کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے۔ ملک بھر میں روزانہ لاکھوں کیسز رپورٹ جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں شہری موت کی گھاٹی میں اتر رہے ہیں۔

ہندوستان میں گزشتہ روز اٹھارہ اعشاریہ 6 لاکھ کووڈ ٹیسٹ کیے گیے جن میں سے 19 فیصد افراد میں وبائی مرض کی تشخیص ہونا تشویشناک ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ریاست پٹنہ میں لاشوں کو جلانے کیلئے لگ بھگ 3 سو ٹن لکڑیاں جمع کر لی ہیں۔ آخری رسومات کیلئے حکومت کی پیشگی اجازت کو ضروری قرار دیا گیا ہے تاکہ وائرس کا پھیلاؤ روکا جا سکے۔

اس کے علاوہ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کورونا سے مرنے والے افراد کی آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے کوئی پیسے نہیں لئے جائیں گے۔

خیال رہے کہ بھارتی ریاست بہار میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد ایک لاکھ سات ہزار 667 ہو گئی ہے۔