وزیراعظم کا اسلام آباد بازار کا دورہ ایک تماشا، ہر کوئی شہباز شریف نہیں بن سکتا: عظمیٰ بخاری

‘حکومتی دعووں کے برعکس وزیر خزانہ نے بتا دیا کہ ملک کے معاشی حالات برے ہیں’

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے وزیر اعظم عمران خان پر تنقید  کرتے ہوئے  کہاہے کہ  وزیراعظم نے اسلام آباد بازار کا دورہ کر کے تماشہ کیا، ہر شخص شہباز شریف نہیں بن سکتا۔ 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ حکومتی دعووں کے برعکس وزیر خزانہ نے بتا دیا کہ ملک کے معاشی حالات برے ہیں،  وزیراعظم صاحب ، ہمت ہے تو کسی ایسے بازار کا دورہ کریں جہاں عوام چینی کی لائنوں میں کھڑے ہوں ، وزیراعظم نے اسلام آباد بازار کا دورہ کرکے تماشہ کیا ، ہر شخص شہباز شریف نہیں بن سکتا ۔ 

اس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان آلو ، پیاز اور ٹماٹر کی قیمتیں تو سنبھال نہیں پا رہے ، ملک کیا چلائیں گے ؟

ملک میں مہنگائی کی ریکارڈ شرح پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ گندم اور گنا پیدا کرنے والا ملک جب چینی اور آٹا درآمد کرے گا تو کیسے ملک چلے گا ؟

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہوش کے ناخن لیں ، ملک میں مہنگائی کی ماہانہ شرح 11.1 فیصد ہے جبکہ ایس پی آئی کے مطابق تو مہنگائی کی شرح 21.3 فیصد تک پہنچ چکی ہے ۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ رمضان میں مختصر دسترخوان عمران خان کی نااہلی کی داستانیں سنا رہے ہیں ۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان مہنگائی کی قیامت ڈھا رہے ہیں جبکہ پی پی پی بینظیر کارڈ جاری کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک بھر کے مزدوروں کے لئے بے نظیر کارڈ جاری کرے گی ۔