کورونا وائرس کا پھیلاؤ، آئی پی ایل غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی

کورونا وائرس کا پھیلاؤ، آئی پی ایل غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: بھارت میں کورونا کی بدترین صورتحال اور کئی کھلاڑیوں کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے انڈین پریمیر لیگ کو فوری طور پر غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کیا ہے۔ بھارت میں کورونا کے پھیلاؤ اور کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث گزشتہ روز کلکتہ اور بنگلور کی ٹیموں کے درمیان ہونے آئی پی ایل کا میچ منسوخ کر دیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق کلکتہ نائٹ رائیڈرز کے ورن چکرورتی اور سندیپ وارئیرز انجری کے باعث میڈیکل چیک اپ کیلئے باہر گئے تھے اور کورونا وائرس کا شکار ہو گئے جس کے بعد ناصرف کلکتہ نائٹ رائیڈرز کا پورا سکواڈ قرنطینہ میں چلا گیا بلکہ 3 مئی کو آر سی بی کیساتھ شیڈول میچ بھی منسوخ کرنا پڑا۔ 
بعد ازاں چنائی سپر کنگز کے باؤلنگ کوچ لکشمی پتی بالاجی اور ٹیم کے سپورٹ سٹاف کے رکن کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد چنائی سپر کنگز کی پوری ٹیم بھی قرنطینہ میں چلی گئی۔

بھارت میں آئی پی ایل کھیلنے والے کئی کھلاڑی اب تک کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور متعدد غیر ملکی کھلاڑی بھی لیگ سے علیحدگی اختیار کرچکے ہیں اور اب پوری لیگ ہی غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی ہے۔