پی سی بی کا پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے انعقاد کیلئے اگلے چند روز میں جائزہ لینے کا فیصلہ

پی سی بی کا پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے انعقاد کیلئے اگلے چند روز میں جائزہ لینے کا فیصلہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بقیہ میچز کے انعقاد کیلئے اگلے چند روزمیں جائزہ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں انعقاد کا آپشن بھی خارج از امکان نہیں ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے پی ایس ایل کے دیگر میچز کیلئے دیگر آپشنز پر غور شروع کر دیا ہے اور پاکستان ٹیم کی انٹر نیشنل مصروفیات کی وجہ سے ونڈو تلاش کرنا بھی خاصا مشکل ہو رہا ہے جس کے باعث یو اے ای میں لیگ کے انعقاد کا آپشن خارج از امکان نہیں ہے، پی ایس ایل کے باقی میچز یکم سے 20 جون تک کراچی میں شیڈول کئے گئے ہیں جبکہ ایک ہفتے کا قرنطینہ 22 مئی سے شروع ہو گا۔ 
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل کے بقیہ میچز کیلئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) سے رابطے بھی تیز کر دئیے ہیں۔ پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ این سی او سی کی گائیڈ لائن کے مطابق آئندہ بھی فیصلہ کیا جائے گا، کراچی میں بقیہ میچز کرانے کا فیصلہ بھی این سی او سی کو اعتماد میں لے کر کیا تھا۔
ترجمان کے مطابق موجودہ صورتحال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے اور تمام سٹیک ہولڈرز کی صحت اور حفاظت کو مدنظر رکھ کر ہی فیصلہ کیا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے میچز کیلئے تیزی سے کام جاری ہے اور ابھی تک میچز شیڈول کے مطابق کراچی میں ہوں گے، یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ ٹورنامنٹ دبئی شفٹ ہوگا یا لاہور، ابھی ’انتظار کرو اور دیکھو‘ کی پالیسی ہے لیکن کراچی میں ایونٹ کی تیاری ہو رہی ہے۔