کورونا وائرس کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری وسائل استعمال میں لا رہے ہیں: وزیراعلیٰ پنجاب

کورونا وائرس کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری وسائل استعمال میں لا رہے ہیں: وزیراعلیٰ پنجاب
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری وسائل استعمال میں لا رہے ہیں اور آکسیجن سلنڈر کی مقرر کردہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سردار عثمان بزدار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کورونا وباءسے نمٹنے کیلئے ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز اور آکسیجن بیڈز کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ آکسیجن سلنڈر کی مقررکردہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کیساتھ ساتھ مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم بھی دیدیا ہے، آکسیجن سلنڈر کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کی جگہ جیل ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی کو آکسیجن سلنڈر کی ذخیرہ اندوزی یا اوور چارجنگ نہیں کرنے دیں گے اور انتظامیہ اوور چارجنگ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرے گی، مریضوں کے علاج معالجے کیلئے ہیلتھ ورکرز کی خدمات قابل ستائش ہیں، شہریوں کی جانب سے ایس او پیز پر عمل کرنے سے وباءپر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں، شہری ماسک پہننے کی پابندی پر عمدرآمد کیساتھ ساتھ سماجی فاصلہ اختیار کریں تاکہ وہ اور ان کے پیارے اس موذی وباءسے محفوظ رہ سکیں۔