فیس بک کے صارفین کی تعداد میں 16فیصد اضافہ ہوا

فیس بک کے صارفین کی تعداد میں 16فیصد اضافہ ہوا

اسلام آباد:فیس بک کے صارفین کی تعداد میں 2016کے دوران 16فیصد اضافہ دیکھنے  میں آیا۔ انٹرنیٹ مانیٹرنگ ویب سائٹ انٹرنیٹ لائیو اسٹیٹس کے مطابق ا س وقت دنیا بھر میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کی کل تعداد تین ارب 42 کروڑ کے لگ بھگ ہے۔ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ دنیا بھر میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے 52 فیصد افراد کا فیس بک اکاﺅنٹ ہے اور وہ مہینے میں کم از کم ایک بار اسے چیک ضرور کرتے ہیں۔

یعنی یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ آدھی سے زیادہ دنیا فیس بک استعمال کررہی ہے۔ انٹرنیٹ صارفین کی تعداد میں ہر گزرتے روز کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سستے اسمارٹ فونز اور انٹرنیٹ کو رسائی سے دور علاقوں تک پہنچانے کی کوششیں ہیں۔ فیس بک بھی باقی ماندہ 48 فیصد انٹرنیٹ صارفین تک پہنچنے کے لیے سولر پاور ڈرونز کی مدد سے انٹرنیٹ کو پہنچانے کا اعلان رواں سال موسم گرما میں کرچکی ہے۔

فیس بک کے صارفین میں اضافے کے نتیجے میں آمدنی میں بھی اضافہ ہوا ہے اور رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران اس نے 7 ارب ڈالرز سے زیادہ آمدنی کی مد میں کمائے جس میں منافع دو ارب ڈالرز سے زائد ہے۔