'چینی صدر کا نظریہ تمام اقوام کی خوشحالی اور ترقی کا سبب بنے گا'

نیو یارک: چینی نیوز ایجنسی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا چینی صدر کا نظریہ صرف چند نہیں بلکہ تمام اقوام کی خوشحالی اور ترقی کا سبب بنے گا۔ ان کا مشترکہ مستقبل کی حامل کمیونٹی بنانے کا نظریہ عالمی امن کے لیے انتہائی اہم ہے۔

ملیحہ لودھی نے انٹرویو کے دوران کہا ایک دوسرے سے جڑی دنیا میں کوئی بھی ملک یا ملکوں کا گروہ سیکیورٹی کے مسائل، دہشت گردی اور سائبر کرائم جیسے خطرات کو دور نہیں کرسکتا۔ انہوں نے پاک- چین اقتصادی راہداری کو ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کا فلیگ شپ پراجیکٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 3 براعظموں اور 60 ممالک پر پھیلا چین کا ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ ساڑھے 4 ارب افراد کے لیے ہے اور اقتصادی راہداری سےچین، جنوب اور وسط ایشیا کے 3 ارب افراد کو بھی فائدہ ہو گا۔

ملیحہ لودھی کا مزید کہنا تھا کہ علاقائی رابطے، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے سے اربوں افراد کی زندگی بہتر ہو گی۔ پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبے کو پاکستان کے لیے 'گیم چینجر' قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ 50 ارب ڈالرز سے زائد مالیت کے اس میگا پراجیکٹ کے تحت سڑکوں، ریلویز اور توانائی کے متعدد منصوبوں کا آغاز کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ حال ہی میں چینی صدر شی جن پنگ کا نام اور نظریہ حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی نے اپنے آئین میں شامل کیا تھا۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں