شاہد خاقان عباسی جیسا بزدل اور کمزور وزیر اعظم نہیں دیکھا ، عمران خان

شاہد خاقان عباسی جیسا بزدل اور کمزور وزیر اعظم نہیں دیکھا ، عمران خان

خانیوال: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں نے شاہد خاقان عباسی سے زیادہ بزدل اور کمزور وزیراعظم نہیں دیکھا، انہوں نے تو شوکت عزیز کا بھی ریکارڈ توڑ دیا۔
خانیوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی اس غلط فہمی میں نہ رہنا کہ آپ 94 ارب روپے اپنے ایم این ایز کو دے کر لوگوں کو خرید لیں گے، اگر 94 ارب روپے لوگوں پر خرچ ہوئے تو کوئی پرواہ نہیں لیکن ڈر یہ ہے کہ یہ پیسا عوام پر لگنے کے بجائے ایم این ایز کی جیبوں میں چلا جائے گا۔
چیئر مین پی ٹی آئی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ لوگ عوام کا نام لے کرخود ارب پتی بن گئے لیکن اب عوام فیصلہ کرچکی ہے کہ ملک ایسے چلنے نہیں دیں گے، مجھے یقین ہے اب سارا پاکستان جاگ چکا ہے، سارا پاکستان تبدیلی کے لیے تیار ہے۔عمران خان مزید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حکمرانوں نے اپنی باریاں لیں، میں نے ملک کو نیچے جاتے دیکھا۔ان کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب باہر سے لوگ پاکستان پڑھنے آتے تھے، یہاں کے تمام ادارے خطے کے بہترین ادارے تھے۔

اس سے قبل شاہ محمود قریشی نے جلسے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے وزرا پانامہ کیسز کے اوپر اپنی توانائیا ں خرچ کر رہے ہیں ،عوام کی ان کو کوئی پرواہ نہیں،حکومت کی ساری توجہ اپنی دولت اور اقتدار کو بچانے پر ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ملک کی معیشت کی نہیں اپنے کیسز کی فکر پڑی ہے ۔ سابق وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس میٹروبس منصوبے اورنج ٹرین بنانے کے لئے پیسے ہیں ،عوام کے علاج کے لئے نہیں،انہوں نے ان دو منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کر دیئے۔