”بھارت سیمی فائنل میں جا سکتا ہے اگر نیوزی لینڈ۔۔۔“ فواد چوہدری کا ایک اور ’چھکا‘

”بھارت سیمی فائنل میں جا سکتا ہے اگر نیوزی لینڈ۔۔۔“ فواد چوہدری کا ایک اور ’چھکا‘
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20ورلڈکپ میں بھارت کی پہلی فتح پر طنزیہ ٹوئٹ کرتے ہوئے اس کیساتھ ساتھ نیوزی لینڈ کو بھی ٹرول کر دیا ہے۔ 
فواد چوہدری نے ایک میم ٹوئٹ کی اور اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے ’ٹی 20 میمز‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔ انہوں نے ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں رسائی کیلئے کوششیں کرنے والی بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کو ٹرول کرتے ہوئے لکھا کہ ”بھارت اب بھی سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے اگر وہ سیکیورٹی خدشات کی جعلی ای میل نیوزی لینڈ کو بھیجے۔“ 

a87ab2a55a548e1e02c4f911e090b344

فواد چوہدری نے طنزیہ ٹوئٹ میں کہا کہ جعلی ای میل پر نیوزی لینڈ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) چھوڑ دے تو بھارت سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے۔ ان کی اس ٹوئٹ کو پاکستانی شائقین کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے اور یہ تیزی سے وائرل ہور رہی ہے۔ 
واضح رہے کہ ستمبر میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پاکستان میں پہلا ون ڈے میچ ہونے سے کچھ دیر قبل سیکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان سے کھیلی جانے والی سیریز منسوخ کر دی تھی جس پر شائقین کرکٹ کیساتھ ساتھ ماہرین کرکٹ اور سابق کرکٹرز نے بھی شدید غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔ 
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارت اور افغانستان کے درمیان کھیلے گئے میچ میں بھارت نے افغانستان کو 66 رنز سے شکست دے کر ناصرف ٹورنامنٹ کی پہلی جیت حاصل کی بلکہ رن ریٹ بہتر ہونے کی وجہ سے سیمی فائنل کی دوڑ میں بھی شامل ہو گئی ہے اور اگر افغانستان نے نیوزی لینڈ کو ہرا دیا تو رن ریٹ کی بنیاد پر اسے زیادہ پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ 
گزشتہ روز کھیلے گئے میچ کو شائقین کرکٹ کی جانب سے ’فکس‘ قرار دیا جا رہا ہے جن کا کہنا ہے کہ افغانستان کرکٹ ٹیم جان بوجھ کر یہ میچ ہاری ہے جبکہ اس بات کو ثابت کرنے کیلئے دلچسپ اور حقیقت کے قریب دلائل، تصاویر، ویڈیوز اور میمز بھی پیش کی جا رہی ہیں۔