قومی ائیر لائن سے متعلق افسوسناک خبر ،بڑا دھچکا 

Pakistan International Airline,PIA

اسلام آباد:قومی ائیر لائن سے متعلق ایک اور افسوسناک خبر سامنے آگئی جس کے مطابق رواں سال بھی پی آئی اے کو اربوں روپے کے خسارے کا سامنا ہے ۔

نمائندہ نیو نیوز کے مطابق قومی ائیر لائن کو منافع بخش ادارہ بنانے کا دعویٰ بھی دھرے کا دھرا رہ گیا ،رواں سال بھی قومی ائیر لائن کو اربوں روپے کے خسارے کا سامنا ہے ،9ماہ میں 42 ار ب روپے سے زائد خسارے کا سامنا ہے جس میں جہازوں کے تیل کی مد میں 13 ارب 44 کروڑ روپے خر چ ہوئے ۔

پی آئی اے کی  سال 2021 کی تیسری سہ ماہی رپورٹ نے بھانڈا پھوڑ دیا ،رپورٹ کے مطابق  جولائی تا ستمبر کے تین ماہ میں  10ارب 59 کروڑ  خسارے کا سامناکرنا پڑا ،تیسری سہ ماہی میں  پی آئی اے کا آپریٹنگ خسارہ 17 ارب 56 کروڑ رہا ،انتظامیہ کے مطابق اپریل تا جون کورونا ویکسنیشن سے فضائی سفر مکمل معمول پر آنے کے اندازے غلط ثابت ہوئے،کورونا کی چوتھی لہر کے باعث کئی ملکوں کی فلائٹس پر بھی پابندی لگی رہی ۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ حج اور عمرہ سیزن بحال نہ ہونے پر بھی پی آئی اے کو نقصان ہوا،کورونا کے باعث برطانیہ، ملائیشیا، خلیجی ممالک اور سعودی عرب کی جانب سے پروازوں پر پابندی سے بھی نقصان اُٹھانا پڑا ، ویکسنیشن کے بغیر سفر پر پابندیوں سے مطلوبہ تعداد سے کم مسافروں نے ہوائی سفر کو ترجیح دی۔