جنوبی افریقہ کا بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان

جنوبی افریقہ کا بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان

کیپ ٹاؤن: کرکٹ ساؤتھ افریقہ کی سلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش کے خلاف شیڈول ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان کر دیا، یہ فاف ڈوپلیسی کی بطور ون ڈے کپتان پہلی آسائنمنٹ ہو گی، انہیں ڈی ویلیئرز کی جگہ یہ ذمہ داری دی گئی تھی.


جے پی ڈومینی جنہوں نے حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا پروٹیز ون ڈے سکواڈ کے مڈل آرڈر کا حصہ ہوں گے، مورنے مورکل اور کرس مورس انجری کے باعث ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے، مورکل بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے، کیشو مہاراج کو ڈراپ کر دیا گیا، فاسٹ باؤلر ڈینی پیٹرسن پہلی بار سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے، ٹیمبا باووما بھی دوبارہ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

جنوبی افریقہ کنوینر آف سلیکٹرز لنڈا زونڈی نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں برس کے شروع میں انگلینڈ کے خلاف کھیلی گئی ٹی ٹونٹی سیریز میں ڈینی پیٹرسن کی کارکردگی متاثر کن رہی تھی اسلئے ہم نے انہیں بنگال ٹائیگرز کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے ٹیم میں شامل کیا ہے، کاگیسوربادا باؤلنگ اٹیک کو لیڈ کریں گے، عمران طاہر سکواڈ میں شامل واحد اسپیشلسٹ سپنر ہوں گے۔

اعلان کردہ سکواڈ کپتان فاف ڈوپلیسی، ہاشم آملہ، ٹیمبا باووما، فرحان بہاردین، کوئنٹن ڈی کوک، اے بی ڈی ویلیئرز، جے پی ڈومینی، عمران طاہر، ڈیوڈ ملر، ویان پارنیل، ڈینی پیٹرسن، اینڈائل پہلکوایو، ڈیوائن پریٹورس اور کاگیسوربادا پر مشتمل ہے۔

نیوویب ڈیسک< News Source