نواز شریف کے کزن سہیل ضیاءبٹ نے نئی پارٹی بنا لی

نواز شریف کے کزن سہیل ضیاءبٹ نے نئی پارٹی بنا لی

لاہور: الیکشن کمیشن آف پاکستاننے ایک نئی سیاسی جماعت رجسٹرڈ کی ہے جسے گزشتہ سال سابق وزیراعظم نواز شریف کے کزن سہیل ضیاءبٹ نے بنایا تھا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال جون میں سابق رکن قومی اسمبلی سہیل بٹ نے موروثی سیاست کے خاتمے کے عزم کیساتھ مذکورہ پارٹی ”عام عوامی پارٹی“کی بنیاد رکھی تھی اور اسکے چیئرمین بھی سہیل بٹ ہی ہونگے۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھارت کی کامیاب جماعت ’عام آدمی پارٹی‘ سے متاثر ہو کر یہ فیصلہ کیا جس نے دہلی میں کانگریس اور بی جے پی جیسی بڑی سیاسی جماعتوں کو شکست دی۔
ان کا کہنا تھا ”یہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے کہ لوگ صرف رشتہ داری کی بنیاد پر مرکزی دھارے کی سیاست میں آ سکتے ہیں۔ میں اس طرز سیاست کے خلاف ہوں اور ملک میں صحیح معنوں میں تبدیلی لانے کیلئے کام کروں گا۔
نئی سیاسی جماعت کے رجسٹرڈ ہونے کے ساتھ ہی ملک میں الیکشن کمیشن کے ساتھ رجسٹرڈ جماعتوں کی تعداد 353 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ لاہور سے تعلق رکھنے والے سہیل ضیاءبٹ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 126 گلبرگ سے مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے اور بعد ازاں 2008ءمیں ان کے بیٹے عمر سہیل ضیاءبٹ نے بھی مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ سے ہی اسی حلقے سے کامیابی حاصل کی تھی۔
سہیل ضیاءبٹ اور نواز شریف کے درمیان 2013ءمیں اس وقت اختلافات پیدا ہوئے جب ان کے بیٹے عمر سہیل کو مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ نہ ملا۔