لیاری میں پولیس مقابلہ، ملزم غفار ذکری ساتھی سمیت ہلاک

لیاری میں پولیس مقابلہ، ملزم غفار ذکری ساتھی سمیت ہلاک
کیپشن: غفار ذکری کے خلاف مختلف تھانوں میں متعدد سنگین نوعیت کے مقدمات درج تھے۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: کراچی کے علاقے لیاری میں پولیس مقابلے کے دوران گینگ وار کا مطلوب ترین ملزم غفار ذکری اپنے 3 سالہ بیٹے اور ساتھی چھوٹا زاہد سمیت مارا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں سب انسپیکٹر اور ایک اہلکار زخمی بھی ہوا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم کے مطابق لیاری کے علاقے علی محمد محلہ میں حساس اداروں کی نشاندہی پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی اور دستی بم سے حملے بھی کیے۔ تاہم ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والے مقابلے کے بعد لیاری گینگ وار کا مطلوب ترین ملزم غفار ذکری اور اس کا ساتھی چھوٹا زاہد مارا گیا۔

جاوید عالم کے مطابق مقابلے کے دوران ایک 3 سالہ بچہ بھی جاں بحق ہوا جو غفار ذکری کا بیٹا تھا اور جسے اُس نے ڈھال بنا رکھا تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ فائرنگ کی زد میں آ کر ایک سب انسپیکٹر سمیت 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق زخمی سب انسپکٹر کی حالت تشویش ناک بتائی گئی جنہیں پیٹ میں گولی لگی ہے۔واقعے کے بعد لیاری کے مختلف علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا۔ غفار ذکری اور اس کا ساتھی چھوٹا زاہد لیاری گینگ وار کے مطلوب ترین ملزمان ہیں۔

غفار ذکری کے خلاف لیاری، اولڈ سٹی ایریا، ماڑی پور اور بلدیہ کے مختلف تھانوں میں متعدد سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔

لیاری گینگ وار کی تاریخ میں رحمان ڈکیت، عزیر بلوچ، ارشد پپو اور بابا لاڈلا کے بعد غفار ذکری اہم کردار تھا جو کراچی آپریشن کے بعد روپوش ہو گیا تھا۔