کراچی، لاپتہ لڑکی کا اپنی مرضی سے دوست کے ساتھ جانے کا اعتراف

کراچی، لاپتہ لڑکی کا اپنی مرضی سے دوست کے ساتھ جانے کا اعتراف
کیپشن: لڑکی کے اہلخانہ کا موقف تھا کہ دعا صبح اسکول کیلئے گھر سے نکلی تھی اور پھر واپس نہیں آئی۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

کراچی: شہرِ قائد کے علاقے پی آئی بی کالونی سے گزشتہ روز لاپتہ ہونے والی لڑکی سرجانی ٹاؤن سے بازیاب ہو گئی جس کا موقف ہے کہ وہ اپنی مرضی سے اپنے دوست کے ساتھ گئی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی آئی بی کالونی سے ایک 14 سالہ لڑکی دعا کی مبینہ گمشدگی کی رپورٹس سامنے آئی تھیں جس پر اہلخانہ نے شدید احتجاج کیا تھا۔

لڑکی کے اہلخانہ کا موقف تھا کہ دعا صبح اسکول کے لیے گھر سے نکلی تھی اور پھر واپس نہیں آئی۔ گمشدگی کی رپورٹ پر پولیس نے سرجانی کے علاقے تیسر ٹاؤن میں ایک مکان پر چھاپہ مارا اور دعا کو بازیاب کرا لیا۔ چھاپے کے دوران لڑکی کے ساتھ وقاص نامی ایک لڑکا بھی موجود تھا۔

پولیس نے لڑکے کو ملزم کی طرح پیش کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی نیو ٹاؤن راؤ اسلم نے میڈیا کو بتایا کہ وقاص لڑکی کو اغوا کر کے یا ورغلا کر لے گیا تھا تاہم پولیس کو ریکارڈ کروائے گئے اپنے بیان میں دعا نے اصل حقیقت سے پردہ اٹھایا اور بتایا کہ وہ اپنی مرضی سے گئی اور وقاص کے ساتھ ہی رہنا چاہتی ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی جمال صدیقی نے پولیس کی کاوشوں کو سراہا اور بازیابی کے لیے جانے والی ٹیم کے لیے 10 ہزار روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔