قبضہ مافیا منشا بم کو حراست میں لیکر چھوڑنے کا انکشاف

قبضہ مافیا منشا بم کو حراست میں لیکر چھوڑنے کا انکشاف
کیپشن: منشا بم کے خلاف اس وقت 38 مقدمات لاہور میں درج ہیں۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: منشا بم کو مبینہ طور پر حراست میں لیکر چھوڑنے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس کا دعوی ہے کہ ڈیرے سے گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی لیکن فرار ہو گیا تاہم ملزم کی گاڑی قبضے میں لے لی گئی ہے۔

سپریم کورٹ نے پولیس کو لاہور میں قبضہ مافیا سے تعلق رکھنے والے منشا بم کو گرفتار کرنے کا حکم دے رکھا ہے اور اسی حکم کے تحت گرفتاری کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں تاہم منشا بم کو مبینہ طور پر پولیس کی جانب سے حراست میں لے کر فرار کرانے کا انکشاف ہوا ہے۔

پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ منشا بم نے گزشتہ رات 12 سے 1 بجے کے درمیان اپنے ڈیرے پر آنا ہے،  اس کے بعد  پولیس نے اپنے 2 اہلکار وہاں پر تعینات کر دیئے تھے جب منشا بم آیا تو پولیس اہلکاروں نے حراست میں لیا مگر بعد میں فرار کروا دیا۔

ایس پی صدر کا کہنا ہے کہ منشا بم مزاحمت کرنے کے بعد فرار ہوا ہے۔ موقع پر تعینات پولیس اہلکاروں نے جب اسے گرفتار کرنے کی کوشش کی تو اس کے ساتھ موجود گارڈز نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں کمرے میں بند کر کے فرار ہو گئے۔

ڈی آئی جی آپریشن کا کہنا ہے کہ واقعہ کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے اور اس پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ منشا بم کے خلاف اس وقت 38 مقدمات لاہور میں درج ہیں جو کہ دہشتگردی اور قتل کی دفعات کے تحت درج ہیں۔