لندن میں اسحاق ڈار سے چوہدری نثار کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر گفتگو

لندن میں اسحاق ڈار سے چوہدری نثار کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر گفتگو
کیپشن: image by facebook

لندن: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے لندن میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق لندن میں سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی، چوہدری نثار نیمار داری کے لیے اسحاق ڈار کے گھر گئے، اسحاق ڈار نے بھی آپریشن کے بعد چوہدری نثار سے صحت دریافت کی۔

سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علاج کی غرض کے لندن میں موجود ہیں، جبکہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی لندن میں موجود ہیں اور عدالت کی جانب سے بلانے کے باوجود پاکستان نہیں آرہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی گاڑیاں اور جائیداد نیلام کرنے کا حکم دیا تھا، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کی جائیداد نیلامی سے متعلق نیب کی درخواست منظور کرلی تھی۔

احتساب عدالت نے فیصلے میں کہا کہ اسحاق ڈار کی قرق جائیداد نیلام کرنے کا اختیار صوبائی حکومت کو ہے، صوبائی حکومت کو اختیار ہے کہ جائیدادیں نیلام کرے یا اپنے پاس رکھے۔

جائیداد نیلام کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ بیمار ہوں پاکستان نہیں آسکتا ہے جو کرنا ہے کرلیں۔

خیال رہے کہ نیب نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کررکھا ہے جس میں انہیں مفرور قرار دیا جا چکا ہے۔