غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ، نوجوان شہید، 24 فلسطینی زخمی

غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ، نوجوان شہید، 24 فلسطینی زخمی
کیپشن: image by facebook

یروشلم : مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی اور اسرائیل کے درمیان واقع بارڈر پر احتجاجی مظاہرہ کرنے والے فلسطینی پر اسرائیلی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان شہید، 24 فلسطینی زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر میں صیہونی ریاست اسرائیل کی درندہ صفت فورسز نے بے دریغ فائرنگ کرکے ایک فلسطینی نوجوان کو بے دردی سے شہید کردیا جبکہ صیہونی فورسز کی گولیوں کی زد میں آکر 24 افراد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نہتے فلسطینی عوام تحریک حق واپسی کے تحت اپنے گھروں اور زمینوں پر 70 برس قبل ہونے والے قبضے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کررہے تھے۔

فلسطینی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فائرنگ میں زخمی ہونے والے درجنوں افراد کو فوری طور پر اسپتال پہنچا دیا گیا تھا, نوجوان کی میت اسپتال پہنچی تو ماں شہید بیٹے کی لاش دیکھ کر غم سے نڈھال ہوگئی۔

فلسطینی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بدھ کے روز غزہ اور اسرائیل کے درمیان واقع ایریز بارڈر کراسنگ پر تعینات ظالم اسرائیلی فورسز نے مظاہرہ کرنے والے 15 سالہ فلسطینی نوجوان احمد ابو حبل کو سر میں گولی مار شہید کیا تھا۔

اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف مظاہروں میں شریک ایک عینی شاہد نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ احمد ابو حبل کو  سر پر شیل لگا تھا جس کے بعد اسے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔

غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف ال قدرا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ اور شیلنگ کے نتیجے میں 24 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔