حکومت نے گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا

حکومت نے گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد: حکومت نے گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا ہے، گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمت میں 10 سے 143 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے، اوگرا نے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق تبدیلی کا نعرہ لگانے والی حکومت نے مہنگائی کی چکی میں پس رہی عوام کو ریلیف دینے کے بجائے گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا ہے، دو سو یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے گیس 20 فیصد مہنگی کی گئی ہے، پانچ سو یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے گیس 143 فیصد مہنگی ہوگی۔

گھریلو صارفین کے لیے گیس ٹیرف کے سلیب 3 سے بڑھا کر 7 کردئیے گئے ہیں، اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ وفاقی حکومت کی درخواست پر کیا گیا ہے۔

سی این جی صارفین کے لیے بھی گیس 40 فیصد مہنگی کردی گئی ہے، کے پی، بلوچستان میں سی این جی 20 روپے فی کلو تک مہنگی ہوگی، کمرشل اور تندور کنکشن ہر گیس 40 فیصد تک مہنگی دی جائے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق موسم سرما میں گھریلو صارفین کو ہیٹر، گیزر کا استعمال بجلی سے مہنگا پڑے گا، فرٹیلائزر فیڈ اسٹاک کو گیس اب 50 فیصد مہنگی ملے گی، صنعتوں اور کیپٹیو پاور پلانٹس کے لیے گیس 40 فیصد مہنگی ہوگی۔

اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی پیداوار کے لیے گیس 52 فیصد مہنگی کردی گئی ہے جبکہ ٹیکسٹائل، اسپورٹس، سرجیکل، لیدر، کارپیٹس کے لیے گیس ٹیرف برقرار رکھا گیا ہے۔

گیس کی قیمتوں میں اضافے پر سی این جی ایسوسی ایشن کا ردعمل سامنے آیا ہے، غیاث پراچہ نے کہا کہ سی این جی کے لیے گیس کی قیمت بڑھا کر غریب عوام سے زیادتی کی گئی ہے، حکومت فیصلے پر نظرثانی کرکے سی این جی کی قیمتوں میں کمی کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف کے لیے پیٹرول کی قیمتیں نہیں بڑھائیں، اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے، سی این جی بھی تو عوام استعمال کرتے ہیں، نئے نرخ سے سی این جی میں تقریباً 15 روپے کا اضافہ متوقع ہے، اضافہ 27 ستمبر سے کیا گیا، یہ پیسے عوام سے کیسے وصول کیے جائیں گے۔