امجد صابری کےبھائی عظمت صابری کا انتقال ، کراچی میں سپردخاک

 امجد صابری کےبھائی عظمت صابری کا انتقال ، کراچی میں سپردخاک
کیپشن: فوٹو فائل

کراچی: معروف قوال امجدصابری کےبھائی عظمت صابری کو سیکڑوں سوگواران کی آہوں سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق معروف قوال گھرانے ’صابری برادرز‘ کے چشم و چراغ عظمت صابری گزشتہ روز طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کرگئے تھے۔عظمت صابری کا جنازہ رہائش گاہ سے اٹھایا گیا اور نماز جنازہ لیاقت آباد 4 نمبر میں واقع مسجد فرقانیہ میں ادا کی گئی جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور ڈاکٹر فاروق ستار سمیت دیگر نامور شخصیات نے شرکت کی۔

غلام فریدی صابری کے صاحبزادے کی تدفین پاپوش نگر قبرستان میں والد کے پہلو میں کی گئی، جنازے میں عزیز و اقارب اور سیکڑوں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔واضح رہے کہ  صابری برادران نے برصغیر میں صوفیانہ کلام کو قوالی کی صورت میں متعارف کرایا تھا، ابتدائی طور پر غلام فرید صابری اور اُن کے چھوٹے بھائی مقبول احمد صابری پرفارم کرتے تھے۔غلام فرید صابری کے انتقال کے بعد امجد صابری اور دیگر بھائیوں نے اس کاررواں کو آگے بڑھایا۔

امجد صابری نے اپنے والد اور چچا کی جانب سے پیش کی جانے والی قوالیوں کو جدید میوزک کے ساتھ  پیش کیا اور مختصر عرصے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

معروف قوال امجد صابری کو 22 جون 2016 کو کراچی میں دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے رمضان المبارک میں شہید کردیا تھا جس کے بعد مجدد امجد صابری، اُن کے بھائی عظمت صابری اور بھتیجے طلحہ صابری کو گھرانے کا جانشین مقرر کیا گیا تھا۔