'عوام کو مسائل سے نکالنے کیلئے اپوزیشن کے پاس احتجاج کے سوا کوئی آپشن نہیں'

'عوام کو مسائل سے نکالنے کیلئے اپوزیشن کے پاس احتجاج کے سوا کوئی آپشن نہیں'
کیپشن: ہماری دعائیں مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہیں، سابق صدر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ عوام کو مسائل سے نکالنے کے لیے اپوزیشن کے پاس احتجاج کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے۔ احتساب عدالت پیشی کے موقع پر آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری میں طویل مشاورت بھی ہوئی۔

احتساب عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہم مولانا کے مارچ کو سپورٹ کر رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کے مارچ کی کامیابی سے متعلق سوال پر آصف زرداری نے جواب دیا انشااللہ، ہماری دعائیں مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہیں۔

سابق صدر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا مقصد واضح ہے کہ حکومت کو مزید وقت دینا ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔عوام کو مسائل سے نکالنے کے لیے اپوزیشن کے پاس احتجاج کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ تمام جمہوری پارٹیوں کو اب مل کر عملی جدوجہد کرنا ہو گی اور پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں ملک وقوم کے مفاد میں فیصلے کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا میرے دوست ہیں لیکن سیاست چیئرمین بلاول نے کرنی ہے، مولانا کی اپنی جماعت اور سیاست ہے لیکن ہماری دوستی رہے گی۔

چیرمین نیب کی تعیناتی سے متعلق سوال پر آصف زرداری نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی چیئرمین نیب کی تقرری پر معافی مانگ چکے ہیں۔