صرف ایک عام فون کال کا معاملہ بہت بڑا بنا دیا گیا ہے، ٹرمپ

صرف ایک عام فون کال کا معاملہ بہت بڑا بنا دیا گیا ہے، ٹرمپ
کیپشن: میڈیا کو کسی اور معاملے پر اتنی محنت کرتے کبھی نہیں دیکھا، ٹرمپ۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ امریکی میڈیا

واشنگٹن: امریکی صدر ٹرمپ 2020 کے صدارتی الیکشن میں اپنے ممکنہ حریف جوبائیڈن کے خلاف یوکرائنی صدر ولادیمیر زیلینسکی کو فون کرنے کے معاملے پر کھل کر سامنےآ گئے۔

ٹرمپ نے کہا کہ صرف ایک عام فون کال کا معاملہ بہت بڑا بنا دیا گیا ہے۔ یوکرائنی صدر کومیرے فون کے معاملے پر فضول باتیں کی جا رہی ہیں۔ کرپشن کی تحقیقات کیلیے دوسرے ملک سے مدد طلب کرنا میرا اختیار ہے۔

امریکی صدرنے کہا کہ کرپشن کے معاملات کی تحقیقات یا تفتیش کرنا میری ذمہ داری بھی ہے اور بدعنوانی کی تحقیقات کیلئے دیگر ممالک کو کوئی تجویز بھی دے سکتا ہوں جبکہ یہ کسی مہم سے متعلق نہیں بلکہ بڑے پیمانے پر بدعنوانی کا معاملہ ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ میڈیا کو کسی اور معاملے پر اتنی محنت کرتے کبھی نہیں دیکھا۔ گمراہ کن میڈیا اور ان کی پارٹنر ڈیموکریٹ پارٹی سے بیک وقت لڑ رہے ہیں اور میڈیا سے نمٹنے کیلئے بہتر لوگوں کا انتخاب کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ صدرڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرائن صدر کے درمیان مشکوک گفتگو اور اس پر وائٹ ہاؤس کے اہلکار کے مستعفی ہونے کی خبرنے امریکا میں تہلکہ مچا دیا ہے۔ ٹرمپ پر الزام ہے کہ انھوں نے یوکرائن پر دباؤ ڈالا کہ وہ 2020 کے صدارتی انتخابات میں ان کے ممکنہ حریف جو بائیڈن کے متعلق تحقیقات کریں۔