شہباز شریف فیملی منی لانڈرنگ کیس، ملزم کی تفتیشی رپورٹ عدالت جمع

شہباز شریف فیملی منی لانڈرنگ کیس، ملزم کی تفتیشی رپورٹ عدالت جمع
کیپشن: ملزم حمزہ، سلمان اور نصرت شہباز کے اکاؤنٹس میں بھی رقوم جمع کرواتا رہا، نیب۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ن لیگ فیس بُک پیج

لاہور: شہباز شریف فیملی منی لانڈرنگ کیس کے ملزم کی تفتیشی رپورٹ عدالت جمع کروا دی گئی۔ نیب کا کہنا ہے کہ حمزہ، سلمان شہباز کی کمپنیوں میں ملزم شعیب نے 46 کروڑ جمع کروائے۔

صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کے خاندان سے متعلق منی لانڈرنگ کیس کے ملزم کی عدالت میں جمع کروائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے 2017 کو شریف فیڈ مل میں 12 کروڑ 82 لاکھ جمع کروائے۔ اسی سال رمضان شوگر مل میں 16 کروڑ 82 لاکھ جمع کروائے۔

دستاویزات کے مطابق ملزم نے 14 اپریل 2015 کو رمضان شوگر مل میں 14 کروڑ جمع کرائے، 15 فروری 2017 کو شریف پولٹری فارم میں 2 کروڑ 38 لاکھ جمع کروائے گئے۔

نیب کے مطابق ملزم حمزہ، سلمان اور نصرت شہباز کے اکاؤنٹس میں بھی رقوم جمع کرواتا رہا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے بتایا اس کا کام سی ایف او عثمان کی ہدایات پر عمل کرنا تھا اور بے نامی کمپنیوں کی دیکھ بھال سلمان شہباز کرتے تھے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سلمان شہباز بتاتے بے نامی کمپنیوں کی رقوم کہاں اور کیسے منتقل کرنی ہیں اور سلمان شہباز کو رقوم 96 ایچ ماڈل ٹاؤن پہنچائی جاتیں تھیں۔