عوام کی خدمت حکومت کی اولین ترجیح ہے ، وزیر اعظم عمران خان

عوام کی خدمت حکومت کی اولین ترجیح ہے ، وزیر اعظم عمران خان
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد:  وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کا سب سے اولین مقصد عوام کی خدمت اور ان کا معیار زندگی بلند کرنا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق،  وزیراعظم عمران خان سے گوجرانولا ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں حاجی امتیاز احمد چودھری، چودھری شوکت علی بھٹی اور سید فیض الحسن شریک ہوئے۔ اس موقع پر معاون خصوصی نعیم الحق بھی موجود تھے۔

 

ممبران قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے متعلقہ حلقوں سے متعلق معاملات سے آگاہ کیا۔ ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کا سب سے اولین مقصد عوام کی خدمت اور ان کا معیار زندگی بلند کرنا ہے۔

 

وزیراعظم نے کہا  کہ حکومت نے غربت کے خاتمے اور عوام کو ریلیف پہنچانے کے لئے ملکی تاریخ کا سب سے بڑے فلاحی پروگرام احساس کا اجرا کیا ہے۔

 

عمران خان نے کہا  کہ صحت سہولت کارڈ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہم میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیراعظم نے ممبران قومی اسمبلی کو عوام کے مسائل حل میں بھرپور اور متحرک کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔