صدر آزاد جموں وکشمیر کا بھارتی حکومت کے شر انگیز عزائم کے خلاف بین الاقوامی مزاحمتی تحریک کا مشورہ

صدر آزاد جموں وکشمیر کا بھارتی حکومت کے شر انگیز عزائم کے خلاف بین الاقوامی مزاحمتی تحریک کا مشورہ

مظفر آباد: آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے بھارتی حکومت کے شر انگیز عزائم کے خلاف بین الاقوامی مزاحمتی تحریک کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 80 لاکھ افراد کو ان کے معاشی حقوق سے محروم رکھنے کا مقصد ان کو بھوک اور افلاس سے ہلاک کرنا ہے۔

گزشتہ روز اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی قیادت میں بھارتی حکومت کشمیریوں کو ترقیاتی اور تجارتی منصوبوں سے محروم کررہی ہے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت نہ دینے کے مذموم عزائم کے تحت منصوبوں کے ٹھیکے ہندوئوں کو دے رہی ہے۔

سردار مسعود خان نے بھارتی حکومت کے شر انگیز عزائم کے خلاف بین الاقوامی مزاحمتی تحریک کا مشورہ دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی حمایت میں یکجا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات خصوصاً گزشتہ سال کے اقدامات نے بھارت کا حقیقی چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔

اس مکروہ چہرے اور غلط بیانیے کو تمام قومی اور بین الاقوامی فورمز پر مزید بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ ادھر سراج الحق نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان سے بھی ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستانی حکومت اور قوم کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت سے ہر گز پیچھے نہیں ہٹے گی۔ راجہ فاروق حیدر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں کے جذبات کی حقیقی عکاسی کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔