ایک نیا دور شروع ہونے والا، عثمانی دور زندہ ہوگا، بیت المقدس ہمارا شہر ہے: ترک صدر طیب اردوان

ایک نیا دور شروع ہونے والا، عثمانی دور زندہ ہوگا، بیت المقدس ہمارا شہر ہے: ترک صدر طیب اردوان

انقرہ: ترک صدر طیب ایردوان کا کہنا ہے جنگ عظیم اول کے بعد عائد کی جانے والی پابندیوں کے خاتمے کے بعد ایک نیا دور شروع ہونے والا ہے، عثمانی دور زندہ ہوگا، بیت المقدس ہمارا شہر ہے۔

ترک پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر کا کہنا تھا کہ قبرص اور آذربائیجان سے لے کر بالقان اور شمالی افریقا تک ہر جگہ ہمارے بھائیوں کی حامی ومددگار ترک قومی اسمبلی نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ صرف اپنی ملت ہی نہیں اپنے تمام دوستوں کے لئے بھی امید کی کرن ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ترکی کے لئے ہمارے آذربائیجان کے بھائی "دو حکومتوں اور واحد ملت" کی حیثیت رکھتے ہیں۔اور ہم اپنے تمام امکانات اور پورے قلبی خلوص کے ساتھ اپنے بھائیوں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

خطاب میں دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کے موضوع پر بات کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا ہے کہ جب تک ہماری عراقی سرحد پر تمام دہشت گردی سیل ختم نہیں ہو جاتے آپریشن جاری رہیں گے۔ ہم بحیثیت ترکی بحیرہ روم میں جھڑپوں، کشیدگی اور لا قانونیت کے خواہشمند نہیں ہیں۔ ہم صرف اپنے حق کا دفاع کر رہے ہیں اور بحیرہ روم میں سیاسی و اقتصادی صلاحیت کی تقسیم سے متعلق اختلافات کا منصفانہ حل ہماری اوّلین ترجیح ہے۔

دنیا بھر کے عالمی فورمز پر فلسطینی قوم اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے آواز بلند کرنے پر فخر ہے۔ انہیں فخر ہے کہ ان کا ملک، قوم اور حکومت سب مسلمانوں کے لیے آواز اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ عظیم اول میں جس مقدس شہر کو آبدیدہ نگاہوں سے چھوڑنے پر مجبور ہو گئے تھے، اس بیت المقدس میں آج بھی سلطنت عثمانیہ کی مزاحمت کے آثار موجود ہیں۔ صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ سلطنت عثمانیہ خطے میں امن اور تحفظ کی ضمانت تھی۔