مولانا فضل الرحمان کو ملک لوٹنے والے چوروں کی قیادت نہیں کرنی چاہیے: حلیم عادل شیخ

مولانا فضل الرحمان کو ملک لوٹنے والے چوروں کی قیادت نہیں کرنی چاہیے: حلیم عادل شیخ

مولانا فضل الرحمان کو پی ڈی ایم کا سربراہ بنانے پر رہنما پی ٹی آئی حلیم عادل شیخ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ اس فیصلے سےثابت ہو گیا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں اہلیت نہیں رہی۔

حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ پہلے بھی رینٹ اے دھرنا میں ڈیزل، پٹرول اور حلوے کا بندوبست کیا گیا تھا۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کو معلوم ہو گیا ہے کہ عوام ان کے ساتھ نہیں ہیں۔ اس تحریک میں تقریر مولانا فضل الرحمان نے کرنی ہے جبکہ خرچ کسی اور کرنا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پہلے بھی خود ساختہ دھرنے کا انجام عوام نے دیکھ لیا تھا، آج بھی یہ لوگ تحریک چلانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ آج ملک جہاں پہنچ چکا ہے، اسے انہی لوگوں نے یہاں تک پہنچایا۔ یہ تحریک نہیں، ڈاکو موومنٹ ہے جو اپنی چوریاں بچانے کیلئے نکالی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں نعرہ لگ چکا ہے، نہ کھپے بلاول زرداری نہ کھپے۔ آج سندھ میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ عوام نے پیپلز پارٹی کو مسترد کر دیا ہے۔ جن چوروں نے ملک لوٹا، ایسے چوروں کی قیادت مولانا کو نہیں کرنی چاہیے۔