ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے ٹکٹوں کی فروخت شروع

ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے ٹکٹوں کی فروخت شروع
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے ٹکٹوں کی فروخت شروع
لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز کر دیا ہے اور دنیا بھر سے کرکٹ شائقین آن لائن ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔ 
ٹی 20ورلڈ کپ کا آغاز 17اکتوبر سے ہو گا اور ایونٹ کا پہلا مرحلہ 17 سے 22 اکتوبر تک عمان میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا مرحلہ 23 اکتوبر سے 14 نومبر تک متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہو گا جس کیلئے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ 
آئی سی سی کے مطابق ٹی 20 ورلڈکپ کے میچز میں 70 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہو گی جبکہ میچز کے دوران عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے خلاف وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی ہو گا۔ شائقین کرکٹ آن لائن ٹکٹ ٹی 20 ورلڈکپ کی ویب سائٹ  https://www.t20worldcup.com/tickets/buy-tickets سے بک کر سکتے ہیں۔ 

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ میں اپنے سفر کا آغاز 24 اکتوبر کو روائتی حریف بھارت کیخلاف میچ سے کرے گی جس کیلئے پوری دنیا میں کرکٹ شائقین بے تابی سے منتظر ہیں کیونکہ دونوں ٹیموں کے درمیان کرکٹ میچز پوری دنیا میں دیکھے جاتے ہیں۔
مختصر فارمیٹ کے اس میگا ایونٹ کیلئے پاکستان، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، بھارت، آئرلینڈ، نمیبیا، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، عمان، پاپوا نیوگنی، سکاٹ لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز نے سکواڈز کا اعلان کر دیا ہے جن میں 10 اکتوبر تک تبدیلی کی جا سکتی ہے۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت بابراعظم کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شاداب خان، محمد رضوان، آصف علی، صہیب مقصود، اعظم خان، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، حارث رﺅف، حسن علی، عماد وسیم اور محمد حسنین شامل ہیں۔
ٹی 20 ورلڈکپ میں شامل کئی کھلاڑی نیشنل ٹی 20 کپ میں خاطرخواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے جس کے باعث چند کھلاڑیوں کو سکواڈ سے نکالے جانے اور ان کی جگہ قومی ٹی 20 کپ میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو شامل کئے جانے کا امکان ہے۔