میتھیو ہیڈن یو اے ای، ویرنون فلینڈر لاہور میں قومی سکواڈ کو جوائن کریں گے

میتھیو ہیڈن یو اے ای، ویرنون فلینڈر لاہور میں قومی سکواڈ کو جوائن کریں گے

لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے تعینات ہونے والے قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ میتھیو ہیڈن متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں گرین شرٹس کو جوائن کریں گے۔
تفصیل کے مطابق قومی ٹیم کے نئے بیٹنگ کوچ سابق آسٹریلین اوپننگ بلے باز میتھیو ہیڈن قومی ٹیم کو یو اے ای میں جوائن کریں گے جبکہ باؤلنگ کوچ ویرنون فلینڈر اگلے ہفتے لاہور میں سکواڈ کو جوائن کریں گے۔
میتھیو ہیڈن ورلڈ ٹی 20 کیلئے قومی ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ کے طور پر منتخب کئے گئے ہیں اور ویرنون فلینڈر کو میگاایونٹ میں قومی ٹیم کے باؤلرز کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے منتخب کیا گیا ہے جبکہ ان کیساتھ ایک مقامی کوچ بھی تعینات کیا جائے گا۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے چیئرمین رمیز راجہ کی جانب سے نئے کوچز کیلئے غیرملکیوں کی تعیناتی غیرمتوقع فیصلہ تھا تاہم اس کے ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کیلئے جلد ہی ہیڈ کوچ کی آسامی پر بھی تعیناتی کی جائے گی تاہم اس حوالے سے فی الحال کوئی نام ظاہر نہیں کیا جا رہا۔ 
واضح رہے کہ ٹی 20ورلڈ کپ کا آغاز 17اکتوبر سے ہو گا اور ایونٹ کا پہلا مرحلہ 17 سے 22 اکتوبر تک عمان میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا مرحلہ 23 اکتوبر سے 14 نومبر تک متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہو گا جس کیلئے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز بھی کیا جا چکا ہے۔ 
پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ میں اپنے سفر کا آغاز 24 اکتوبر کو روائتی حریف بھارت کیخلاف میچ سے کرے گی جس کیلئے پوری دنیا میں کرکٹ شائقین بے تابی سے منتظر ہیں کیونکہ دونوں ٹیموں کے درمیان کرکٹ میچز پوری دنیا میں دیکھے جاتے ہیں۔ 
مختصر فارمیٹ کے اس میگا ایونٹ کیلئے پاکستان، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، بھارت، آئرلینڈ، نمیبیا، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، عمان، پاپوا نیوگنی، سکاٹ لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز نے سکواڈز کا اعلان کر دیا ہے جن میں 10 اکتوبر تک تبدیلی کی جا سکتی ہے۔