اقوام متحدہ نے پاکستان کیلئے انسانی امداد کی اپیل میں 5 گنا اضافہ کر دیا

اقوام متحدہ نے پاکستان کیلئے انسانی امداد کی اپیل میں 5 گنا اضافہ کر دیا

جنیوا: اقوام متحدہ نے پاکستان کے لیے انسانی امداد کی اپیل میں 5 گنا اضافہ کر دیا ، اقوام متحدہ نے امداد کی اپیل 16 کروڑ سے بڑھا کر 81 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کر دی ہے ۔

پاکستان کے لیے اقوم متحدہ رابطہ افسر جولیئن ہارنیس نے جنیوا میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بدترین سیلاب کے بعد پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے نبرد آزما ہے ، سیلاب متاثرین موت اور تباہی کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ علاقوں میں صحت ، غذا ، پانی اور صفائی کے کاموں میں مدد کی ضرورت ہے ، حکومت پاکستان کی مدد نہ کی گئی تو بچوں کی بیماریوں میں خوفناک اضافہ ہو گا ۔

واضح رہے کہ این ڈی ایم اے کے مطابق سیلاب سے سات لاکھ 76 ہزار 488 گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں ، ایک ہزار 374 کلو میڑ سڑکیں جبکہ 410 پل متاثر ہوئے ہیں ۔

ادھر ، سندھ میں سیلاب کا زور تو ٹوٹ گیا لیکن سینکڑوں کلومیٹر کا علاقہ ابھی تک پانی میں ڈوبا ہوا ہے ، ہر آنے والا دن متاثرین کےلئے نئی مشکلات لا رہا ہے ۔ متاثرین پر وبائی امراض کا حملہ بڑھ رہا ہے ۔ لاکھوں افراد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں ۔

مصنف کے بارے میں