محرم الحرام سے قبل پشاورپولیس ان ایکشن،سیکورٹی فورسز کے ساتھ مشترکہ آپریشن

محرم الحرام سے قبل پشاورپولیس ان ایکشن،سیکورٹی فورسز کے ساتھ مشترکہ آپریشن
کیپشن: فوٹو: انٹرنیٹ

پشاور: پشاورپولیس نے محرم الحرام سے قبل شہر کے نواحی علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کا سلسلہ تیز کر دیا ۔

سیکورٹی فورسز کے ہمراہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن میں ایس پی کینٹ،ایس پی رورل، اے ایس پی حیات آباد اور ڈی ایس پی چمکنی سمیت پاک آرمی کے جوانوں اور پولیس کے مختلف یونٹس نے حصہ لیا۔ آپریشن کے دوران متعددجرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور منشیات بر آمد کر لی گئی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سی سی پی او قاضی جمیل الرحمن کی ہدایت پرپشاور میں امن و امان کو برقرار رکھنے کی خاطر ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال کی سربراہی میں شہر کے نواحی علاقے پشتہ خرہ، نودیہہ پایان اورپشاور ائر پورٹ سے ملحقہ علاقوں کے ساتھ ساتھ تھانہ چمکنی کی حدود میں بھی سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنزکیا گیا جس میں پاک آرمی کے جوانوں نے بھی حصہ لیا ۔

آپریشن کے دوران درجنوں مشکوک افراد کوحراست میں لے کر چھان بین کرنے پر 80 افراد کو مختلف جرائم میں ملوث پا کر ان کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے جن کے قبضے سے 1کلاشنکوف،17 پستول ، شارٹ گن 3،1 بندوق، 3 رائفل اور مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس بھی بر آ مد کر لئے گئے ۔

اسی طرح آپریشن کے دوران تھانہ پشتہ خرہ کی حدود میں ملزمان سے 5 کلو گرام چرس بھی بر آمد کر لی گئی جبکہ 19 غیر قانونی طور پر مقیم کرایہ داروں کے خلاف بھی نامکمل کوائف پر کارروائی کرتے ہوئے حوالات منتقل کر دیا گیاہے۔