نو منتخب چیئرمین پی سی بی کا 'کرکٹ کا پاکستانی ماڈل' متعارف کرانے کا اعلان

نو منتخب چیئرمین پی سی بی کا 'کرکٹ کا پاکستانی ماڈل' متعارف کرانے کا اعلان
کیپشن: فوٹوبشکریہ گیٹی امیجز

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے نو منتخب چیئرمین احسان مانی نے پاکستان کرکٹ کے نظام کو شفاف بنانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے آسٹریلین کرکٹ کو مثال بناتے ہوئے 'کرکٹ کا پاکستانی ماڈل' متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔

آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منعقدہ پی سی بی کے انتخابات میں احسان مانی بلامقابلہ چیئرمین پی سی بی منتخب ہو گئے۔قذافی اسٹیڈیم میں بحیثیت چیئرمین پی سی بی پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسان مانی نے کہا کہ ہمیں آسٹریلین کرکٹ کو مثال بناتے ہوئے ایک پاکستانی ماڈل ایجاد کرنا پڑے گا۔

'وزیر اعظم اور پیٹرن ان چیف عمران خان نے کرکٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے واضح طور پر کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ہم آسٹریلین کرکٹ کے ماڈل کو اپنائیں لیکن میرے خیال میں ہمیں کرکٹ میں ایک پاکستانی ماڈل ایجاد کرنا پڑے گا، کیونکہ بقیہ ملکوں کے مقابلے میں ہمارے حالات مختلف ہیں۔

انہوں نے آسٹریلین کرکٹ کے نظام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا میں پرنسپل ہے کہ فرسٹ کلاس کھیلنے والی کم ٹیمیں ہوں لیکن وہ اتنی تگڑی ہوں کہ نیشنل ٹیم کے لیے بیک اپ ثابت ہو اور ہم بھی کوشش کریں گے کہ اسی بنیاد پر سسٹم بنائیں کیونکہ اگر سسٹم ٹھیک ہو گا تو خود ہی سب کچھ بہتر ہو گا۔

چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے 8 میچز پاکستان میں منعقد ہوں گے لیکن ہمارا مقصد یہ ہو گا کہ جلد از جلد پوری لیگ پاکستان میں منعقد کرائیں کیونکہ اس کا اصل فائدہ اسی وقت ہو گا جب پوری لیگ پاکستان کے گراؤنڈز میں منعقد ہو گی اور ہمارا اصل مقصد پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی ہے۔