عارف علوی پورے پاکستان کے صدر ہیں، وفاق کی صحیح نمائندگی کریں گے: چودھری برادران

عارف علوی پورے پاکستان کے صدر ہیں، وفاق کی صحیح نمائندگی کریں گے: چودھری برادران

 لاہور:  پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور قائم مقام گورنر چودھری پرویزالٰہی نے اپنی اور پارٹی کی جانب سے نومنتخب صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ عارف علوی وفاق کی صحیح نمائندگی کا فرض ادا کریں گے، وہ کسی پارٹی کے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے صدر ہیں، جب وہ ہمارے گھر ملاقات کیلئے آئے تو ہم نے انہیں نہایت اچھا اور سلجھا ہوا سیاستدان پایا، ان کے دل میں پاکستان کا درد ہے۔ 

دوسری طرف، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عارف علوی کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کا 13واں صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے عارف علوی وفاق پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے بطور ریاستی سربراہ اپنا بھرپور آئینی کردار ادا کریں گے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے توقع ظاہر کی اور کہا کہ عارف علوی اپنی کامیابی کو ملک و قوم کی ترقی کا ذریعہ بنائیں گے۔

دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی،بشارت جسپال،فیاض وڑائچ ودیگر رہنمائوں نے بھی عارف علوی کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی، خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ عارف علوی ایک مدبّر، پڑھے لکھے اور زیرک سیاستدادن ہیں،امید ہے کہ وہ اپنے تجربے سے ملک و قوم دونوں کو فائدہ دیں گی۔