مصباح قومی ٹیم کے ہیڈ اور وقار یونس باﺅلنگ کوچ مقرر

مصباح قومی ٹیم کے ہیڈ اور وقار یونس باﺅلنگ کوچ مقرر

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈنے سابق کپتان مصباح الحق کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اورچیف سلیکٹر جبکہ سابق کپتان وقار یونس کو باﺅلنگ کوچ مقرر کردیا ہے ان دونوں کو تےن سال کا کنٹرےکٹ دےا گےا ہے،چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے دونوں کوچز کے ناموں کی منظوری دے دی ہے۔

پی سی بی نے شفافیت اور احتساب کا نظام لانے کےلئے مصباح الحق کو چیف سلیکٹر کا عہدہ بھی سونپاہے، چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ہیڈ کوچز مصباح الحق کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

مصباح الحق کی تجویز پر پی سی بی نے وقار یونس کو قومی کرکٹ ٹیم کا باﺅلنگ کوچ مقرر کےا ، وقار یونس ماضی میں 2 مرتبہ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ رہنے کے ساتھ ساتھ آئی سی سی ہال آف فیم کا حصہ بھی ہیں۔مصباح الحق اور وقار یونس کی قومی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ پہلی اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف سیریز ہوگی۔ 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک جاری رہے گی۔

دونوں کوچز کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پہلی سیریز آسٹریلیا کے خلاف ہوگی۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے25 نومبر کو برسبین میں کھیلا جائے گا۔ سیریز میں شامل دوسرا ٹیسٹ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا جو 29 نومبر سے 3 دسمبر تک ایڈیلیڈ میں جاری رہے گا۔مصباح الحق اور وقار یونس کی جوڑی اس سے قبل بھی ایک دوسرے کے ساتھ مل کرذمہ داریاں نبھاتی رہی ہے۔

مئی 2014 سے اپریل 2016 تک مصباح ا لحق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور وقار یونس ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔واضع رہے کہ پی سی بی کی جانب سے کوچز کی تلاش کےلئے قائم کردہ 5 رکنی پینل میں سابق کپتان اور کوچ انتخاب عالم، سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر بازید خان، اسد علی خان ( رکن بی اوجی)، وسیم خان ( چیف ایگزیکٹوپی سی بی) اور ذاکر خان (ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ) شامل تھے نے متفقہ طور پر دونوں کوچز کا انتخاب کےا ہے۔