پاکستان میں کورونا وائرس مزید 79 افراد کی جان لے گیا

Coronavirus, Pakistan, NCOC, PTI government, WHO

لاہور: پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر بے قابو ، مزید 79 افراد جان سے گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 26 ہزار 114 ہو گئی ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ، 24 گھنٹے کے دوران 64 ہزار ، 53 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3 ہزار 980 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 6.21 فیصد رہی ۔

این سی او سی کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ملک میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 11 لاکھ ، 75 ہزار ، 588 تک پہنچ چکی ہے ۔ اسلام آباد میں بھی کورونا کیسز کی شرح 21 فیصد تک جاپہنچی ہے ۔

خیال رہے کہ کیسز بڑھنے پر این سی او سی نے پنجاب کے 16 اور خیبر پختونخوا کے 8 اضلاع میں پابندیاں بڑھا دیں ، انڈور اور آؤٹ ڈور تقریبات کے ساتھ انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کو بھی بند کردیا گیا ہے ۔ متاثرہ اضلاع میں انڈور جم پر بھی پابندی لگائی گئی ہے ۔ جبکہ ضلعی انتظامیہ کو ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایت کی ہے ۔

متاثرہ اضلاع میں پابندیاں 4 سے 12 ستمبر تک نافذ ہونگی ۔ کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر پنجاب میں 11 ستمبر تک اسکولز بند رہیں گے ۔