قومی سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کی کوویڈ ٹیسٹنگ کل ہو گی

قومی سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کی کوویڈ ٹیسٹنگ کل ہو گی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کیلئے پاکستان ون ڈے سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کی کل اپنے شہروں میں کوویڈ ٹیسٹنگ کی جائے گی جس کے بعد کھلاڑی اسلام آباد جائیں گے۔ 
ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں اور ٹیم منجمنٹ کے اراکین کی کل کوویڈ ٹیسٹنگ ہو گی جبکہ سکواڈ کے اراکین کو کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کے بعد تین روز محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کل ہونے والی ٹیسٹنگ کے نتائج منفی آنے کی صورت میں قومی سکواڈ 8 ستمبر کو اسلام آباد میں اکٹھا ہو گا جہاں ان کی دوبارہ کورونا وائرس ٹیسٹنگ کی جائے گی اور پھر ایک روز قرنطینہ کے بعد 10 ستمبر کو پنڈی سٹیڈیم میں ٹریننگ کا آغاز کیا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ ٹیم کی آمد 11 اور 12 ستمبر کی درمیانی شب ہوگی اور پہلا ون ڈے 17 ستمبر کو ہو گا جس کیلئے بھرپور تیاری کی جا چکی ہیں۔ 
واضح رہے کہ پی سی بی کی جانب سے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے 20 رکنی ٹیم کا اعلان کیا جا چکا ہے، نیوزی لینڈ سیریز میں تین ون ڈے اور پانچ ٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے۔