شہباز شریف پر جھوٹے الزامات لگائے اور احتساب کیا مگر کرپشن ثابت نہ ہو سکی: مریم اورنگزیب

شہباز شریف پر جھوٹے الزامات لگائے اور احتساب کیا مگر کرپشن ثابت نہ ہو سکی: مریم اورنگزیب
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے بغض اور حسد میں دماغی مریض بن چکے ہیں، ان پر ہر جھوٹا الزام لگایا اور احتساب کیا مگر کرپشن ثابت نہ ہو سکی۔ 
مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شہباز شریف نے اپنے دور حکومت میں خون پسینے سے پنجاب کو سنوارالیکن عمران بزدار برادران نے اسے بنجر اور بے روزگار بنا دیا ہے۔ عمران بزدار برادران نے شہباز شریف پر ہر طرح کا جھوٹا الزام لگایا اور انہیں 2 مرتبہ گرفتار بھی کیا گیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے بنائے گئے ہر منصوبے کو کھنگالا گیا اور ان کے گھر کے ہر فرد کا احتساب بھی ہو چکا لیکن ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی، نیب نے بھی بھرپور کوشش کی مگر وہ بھی مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکا۔ 
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے کہا کہ عمران بزدار برادران عوام کو کچھ دینے نہیں بلکہ عوام کا آٹا ، چینی، بجلی، دوائی اور گیس چھیننے آئے ہیں، عمران خان شہباز شریف کے بغض اور حسد میں دماغی مریض بن چکے ہیں جنہوں نے پہلے نیب کو استعمال کیا اور پھر وہی کیس ایف آئی اے کو دیدیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے 10 سال میں کھربوں کے منصوبے لگائے اور ایک ایک پائی کا حساب دیا، عمران خان گزشتہ 3 سال میں 225 ارب آٹا ، 500 ارب چینی ، اربوں کی بجلی و گیس اور 550 ارب کی دوائی چوری کا جواب دیں۔