کراچی میں شدید بارش، کئی علاقوں سے پانی نہ نکل سکا ، 4 افراد ہلاک

کراچی میں شدید بارش، کئی علاقوں سے پانی نہ نکل سکا ، 4 افراد ہلاک

کراچی : تیز بارشوں اور سیلابی کیفیت نے کراچی میں زندگی اجیرن بنا دی ، نشیبی علاقوں سے پانی نہ نکل سکا کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں چارافراد کی جان چلی گئی ۔ کئی علاقے اب تک بجلی سے محروم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج بھی ہلکی بارش اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سب سے زیادہ بارش سعدی ٹاون میں 81 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ گلشن حدید میں 73، پی اے ایف بیس فیصل 70، یونیورسٹی روڈ پر 69 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ آج رات بارش کا سسٹم شہر سے نکل جائیگا۔

ترجمان انٹر بورڈ کے مطابق شدید بارشوں کے باعث آج ہونے والے انٹر بورڈ کے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ فیصلہ طلبا اور والدین کو پیش آنے والی مشکلات کے باعث کیا گیا۔ ملتوی ہونے والے گیارہویں جماعت کے اردو، سندھی، اسلامک ایجوکیشن کے پرچوں کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔