ہم طالبان کو تسلیم نہیں کرتے اور دیگر ممالک سے بھی کہتے ہیں کہ وہ ایسا ہی کریں: ڈومینک راب

ہم طالبان کو تسلیم نہیں کرتے اور دیگر ممالک سے بھی کہتے ہیں کہ وہ ایسا ہی کریں: ڈومینک راب
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: برطانوی سیکرٹری خارجہ ڈومینک راب نے کہا ہے کہ ہم طالبان کوتسلیم نہیں کرتے اوردیگرممالک سے بھی کہتے ہیں کہ وہ بھی طالبان کو تسلیم نہ کریں، ہم ہر قدم پر طالبان کو ان کے عمل سے جج کریں گے۔ 
برطانوی سیکرٹری خارجہ ڈومینک راب نے دورہ پاکستان کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ روز قطر کے دورے کے بعد پاکستان میں ہوں، قطر میں وزیرخارجہ سے کابل ایئرپورٹ کی سیکیورٹی اور معاملات چلانے کیلئے ان کی کوششوں پر بات کی جبکہ پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔
ڈومینک راب نے کہا کہ ملاقاتوں میں پاک افغان سرحد کی صورت حال پرگفتگوہوئی اور میں خود طورخم بارڈر پر صورتحال دیکھنے گیا جس دوران طورخم پر مستقبل میں درپیش آنے والے چیلنجز کا جائزہ لیا، سرحد پار کرنے والے افراد کیلئے سیکیورٹی انتظامات کا معائنہ بھی کیا۔ 
ڈومینک راب کا کہنا تھا کہ ہم طالبان کو تسلیم نہیں کرتے اوردیگرممالک سے بھی کہتے ہیں کہ وہ یہی کریں، ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان کوکبھی بھی دہشت گردوں کی پناہ گاہ نہ بننے دیا جائے، ہم ہر ایک قدم پر طالبان کو جج کریں گے اور وہ بھی ان کے الفاظ سے نہیں بلکہ عمل سے کریں گے۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ روز برطانوی سیکرٹری خارجہ ڈومینک راب نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کیساتھ اہم ملاقات کی جس دوران افغانستان کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان کو ریڈلسٹ میں برقرار رکھنے کا معاملہ بھی اٹھایا۔