فرانس کی درجن سے زائد کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا عندیہ دے دیا

فرانس کی درجن سے زائد کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا عندیہ دے دیا

اسلام آباد : پاکستان میں سیکورٹی کے حالات بہتر کرنے کی وجہ سے فرانس کی درجن بھر کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

پاکستان فرانس بزنس کونسل کے سربراہ تیری فیملین نے منگل کو فرانسیسی سفیر کی رہائشگاہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال بحال ہونے کی وجہ سے سرمایہ کاری کیلئے ماحول سازگار ہے۔ 12 سال بعد 16 کمپنیوں کے وفد نے پاکستان کا دورہ کیا ہے۔

پاکستان میں زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پن بجلی، متبادل توانائی کے ذرائع، انڈسٹری، آئی ٹی، ایل این جی سٹوریج سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے آنے کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا ہے۔ سی پیک کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کیلئے ایک گیم چینجر منصوبہ ہے، یورپ بھی پاکستان کے ساتھ معاشی معاہدوں میں اضافہ کرنا چاہتا ہے۔

مسٹر تیری فیملین نے پاکستان میں وزارت منصوبہ بندی، پٹرولیم، کامرس، فوڈ اور سرمایہ کاری بورڈ کے اعلی حکام سے مفید بات چیت کی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی لوگ تعلیم یافتہ اور پیشہ ور ہیں۔

فرانسیسی وفد نے صدر ممنون حسین سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ بعد میں فرانسیسی سفیر نے وفد کو اسقبالیہ بھی دیا، اس استقبالیہ میں وفاقی وزراءخواجہ محمد آصف، سکندر حیات بوسن اور سینیٹر جنرل (ر) عبدالقیوم بھی شریک تھے۔